پروفیسرڈاکٹر محمد عقیل |

مسلمانوں کے ایمان اور اخلاق میں کمزوریوں کی جدید اندازمیں نشاندہی کرنااور اصلاح کے لئے سائنٹفک طرز پر حل تجویز کرنا اس سائٹ کے مقاصد ہیں۔۔۔۔۔۔۔قد افلح من زکھا۔

پروفیسر محمد عقیل کا تعارف

شائع ہونے کا وقت اور تاریخ :Friday Oct 10, 2014

محمد عقیل  صاحب کا تعلق کراچی  سے ہے۔ آپ ایک  تدریسی ادارے میں  سن  ۱۹۹۷ سے تدریس کے فرائض انجام دے رہے ہیں ۔ عقیل صاحب نے کراچی یونیورسٹی سے سن ۱۹۹۶ میں  ماسٹرز مکمل کیا جبکہ ایم فل (سوشل سائنس) کی سند ہمدرد یونیورسٹی سے حاصل کی ۔ سوشل سائنس کی فیلڈ میں آپ کا  پی ایچ ڈی ابھی جاری ہے۔اس باقاعدہ تعلیم کے علاوہ آپ نے مختلف مسالک کےاساتذہ سے استفادہ کیا ہے ۔

  اس پس منظر کی بنا پرآپ کی  ساری دلچسپی   تعمیر شخصیت، تزکیہ نفس اور تربیت پر ہے۔  آپ کی  کئی کتب کتابی شکل میں یا  انٹرنیٹ پر سافٹ فارم میں  شائع ہوچکی ہیں جن میں  حج کا سفر نامہ،  دین کے بنیادی تقاضے، قصص القرآن وغیرہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ آپ کے کئی  مقالات  آن لائین شائع ہوچکے ہیں جن میں نماز، زکوٰۃ، روزہ، حج، اللہ کا ذکر، شکر الٰہی، معرفت الٰہی،  بخل ، اسراف، ہمسائیگی،  غیبت، بدگوئی، بدگمانی، حسد  وغیرہ  شامل ہیں۔تحاریر کے ساتھ ساتھ آپ  تزکیہ تربیت کے  لئے تربیتی ٹولز بھی فراہم کرتے ہیں  جن میں رمضان تربیتی گائیڈ، مسلم شخصیت کو جانچنے کا کیلکولیٹر، سالانہ منصوبہ بندی کی مقاصد شیٹ، رمضان ورک بک،   حسد کا ٹیسٹ ، آڈیو لیکچرزاور ورکشاپ چند اہم  ٹولز ہیں۔

تزکیہ نفس  اور تعمیر شخصیت کے  مختلف موضوعات پر آپ کے آرٹیکلز باقاعدگی  سے ماہانہ میگزین “انذار” میں چھپتے رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ کچھ مضامین جسارت میں بھی شائع  ہوچکے ہیں۔ آپ کا ذاتی بلاگ ورڈ پریس کے مقبول ترین بلاگز میں سے ایک ہے۔ ان تمام مضامین اور ٹولز کا مقصدایک عام  مسلمان  کے غلط رویوں کی نشاندہی کرنا، انکی اصلاح کرنا، اور ان پر ایک  عملی لائحہ عمل تیار کرکے دینا  ہے تاکہ   ہم اپنے شخصیت  کو پاک کرکے  اور اسے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں نکھار کر اللہ کی رضا حاصل کرسکیں۔

پروفیسر صاحب نے آئی ایس پی سن دوہزار نو میں جوائین کی ۔ آئی ایس  پی میں آپ بڑے پیمانے پر آن لائین تزکیہ نفس پروگرام چلاتے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ  قصص القرآن نامی کتاب بھی  علوم القرآن سلیبس کا حصہ ہے ۔ 


سائٹ کا تعارف

شائع ہونے کا وقت اور تاریخ :Sunday Nov 13, 2011


بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
اس سائٹ کے مقاصد و اہداف کیا ہیں؟
اگر غور سے دیکھا جائے تو پاکستانی سوسائٹی دو واضح گروہوں میں تقسیم ہوچکی ہے۔ ایک طبقہ روایتی مذہبی لوگوں پر مشتمل ہے اور دوسرا جدید یت پسند لوگوں کا ہے۔ علماء حضرات کا تعلق چونکہ روایتی گروہ سے ہے اس لئے عام طور پر ان کا رابطہ جدید پڑھے لکھے طبقے سے نہیں ہوپاتا۔ اس جدید پڑھے لکھے طبقے میں ایک بڑی تعداد ایسے مخلص لوگوں کی ہے جو دین کے ساتھ اخلاص رکھتے اور اسے سمجھ کر اپنی زندگیوں میں لانا چاہتے ہیں۔ لیکن قدیم روایتی علماء سے ان کا مناسب رابطہ نہ ہونے کی صورت میں وہ اپنے سوالات و مسائل کا تسلی بخش جواب نہیں تلاش کرپاتے اور دین سے دور ہوتے چلے جاتے ہیں۔
اس سائٹ کا بنیادی مقصد مسلمانوں کی علمی اور عملی کوتاہیوں کی نشاندہی کرنا، ان سے بچنے کے لئے حل تجویز کرنا اور تربیت کا ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے تاکہ لوگ اللہ کی بندگی اختیار کرکے دنیا و آخرت کی کامیابی کے مستحق بن جائیں۔
دوسرا مقصد اس سائٹ کے ذریعے اس جدت اور قدامت پسند گروہوں میں کمیونکیشن گیپ کو کم کرنا اور اسلامی تعلیمات کو عصر حاضر کے اسلوب میں پیش کرنا ہے۔ لیکن اس مطلب ہرگز یہ نہیں کہ اسلام کے ابدی اصولوں میں ترمیم کردی جائے۔ ہرگز نہیں۔ بلکہ اس کا مفہوم محض پریزینٹیشن کی تبدیلی ہے اور اس سے زیادہ کچھ اور نہیں۔
اس سائٹ کا تیسرا مقصد یہ ہے کہ مسلمانوں کو فرقہ واریت اور مسلکی تعصب سے بلند کرنے کے لئے ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کہ جائے جس کے ذریعے لوگ خالص قرآن اور سنت کے ذریعے دین کی تعلیمات جان سکیں۔
ایک اور مقصد مسلمانوں کو ان کے حقیقی ورثے یعنی اخلاقیات کو اپنانے کی دعوت دینا ہے۔ اسلام محض چند عبادات کا مجموعہ نہیں بلکہ یہ اخلاقیات کو بھی شامل کرتا اور انہیں عبادات جیسی اہمیت دیتا ہے۔ چنانچہ جس طرح نماز ، روزہ، حج اور زکوٰۃ کو ترک کرنا گناہ میں آتا ہے ویسے ہی جھوٹ، غیبت، بہتان، حسد، کینہ، حرص اور زنا بھی بڑے گناہوں میں شمار ہوتے ہیں۔ اس بلاگ کا ایک اہم ٹارگٹ مسلمانوں کو ان گناہوں پر متنبہ کرنا اور ان سے بچنے پر تعلیم اور تربیت فراہم کرنا ہے۔
سائٹ کن اجزا ء پر مشتمل ہے؟
یہ سائٹ صرف مضامین پر ہی مشتمل نہیں بلکہ اس میں ایک فرد کی تعلیم، اصلاح اور تربیت کے جدید ٹولز موجود ہیں۔ ان میں “مسلم شخصیت کو جانچنے کا کیلولیٹر، رمضان ورک بک ، اصلاحی ورکشاپ، تربیتی وڈیوز، بچوں کی تربیت پر ایک مکمل گائیڈ، آن لائن عربی پروگرام، قرآنی تفاسیر کا آن لائن تقابلی مطالعہ اور دیگر پروگرامز شامل ہیں۔
ان ٹولز کے علاوہ اس بلاگ کے ذریعےآپ کے مذہبی اور سماجی سوالات اور مسائل کا جواب بھی فراہم کیا جاتا ہے۔اسکے ساتھ ہی آپ کے تبصروں کو شایع کرتا ہے تاکہ دو رخی کمیونکیشن کے ذریعے ایک مثبت مکالمے کی فضا پیدا کی جاسکے۔
اس مشن میں تعاون کس طرح کیا جائے؟
اس مشن میں تعاون کی پہلی صورت تو یہ ہے کہ اس کی کامیابی کے لئے اللہ سے دعا کریں کہ اللہ ہماری ان کاوشوں کو قبول فرمائیں اور اسے دنیا و آخرت کی فلاح کا ذریعہ بنائیں۔
تعاون کی ایک شکل یہ ہے کہ اس بلاگ پر شایع ہونے والے مضامین اور پروگراموں کا مطالعہ کریں اور ان پر اپنے مثبت یا تنقیدی کمنٹس دیں تاکہ کسی بھی غلطی کی جانب جوع کرکے اس کی اصلاح کرلی جائے۔
ایک صورت یہ بھی ہے کہ ان مضامین کو انٹرنیٹ ، پرنٹ آؤٹ یا کسی اور ذریعے سے لوگوں میں پھیلایا جائے تاکہ اللہ کا پیغام زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچ سکے۔ اسی کے ساتھ ہمارا معاشرہ ایک صالح اور پاکیزہ سوسائٹی میں تبدیل ہوسکے۔ اگر ایسا ہوگیا تو یہ ایک صدقہ جاریہ ہوگا اور اس کا اجر ہمیں قیامت تک ملتا رہے گا۔ اگر ایسا نہ ہوا تب بھی یہ یہ ہماری بڑی کامیابی ہوگی کیونکہ ہمارا کام لوگوں تک پہنچادینا ہے، اور ہم لوگوں پر داروغہ بنا کر نہیں بھیجے گئے ہیں۔چنانچہ اصل مقصد دعوت کی کامیابی یا ناکامی نہیں بلکہ اللہ کی رضا کا حصول ہے جو دو نوںصورتوں میں ہمیں مل سکتی ہے۔
تقبل اللہ منی ومنکم
پروفیسر محمد عقیل